کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان خطے بھر میں صنعتوں میں سرمایہ کاری کیلئے اس وقت موزوں ترین ملک ہے ، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سپیشل اکنامک زونز بارے اعلیٰ سطح کا اجلاس

102

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان خطے بھر میں صنعتوں میں سرمایہ کاری کیلئے اس وقت موزوں ترین ملک ہے، صنعتوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سپیشل اکنامک زونز کے بار ے میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت فیاض ترین، اسد عمر، حماد اظہر، چوہدری فواد حسین، مخدوم خسرو بختیار، مشیرِ صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد، معاونینِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، خالد منصور، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اظفر احسن اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزیرِ صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال اور صوبائی چیف سیکٹریز و افسران وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر اسپیشل اکنامک زونز کا نظام پلگ اینڈ پلے ماڈل پر یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اسپیشل اکنامک زونز کے بورڈ آف گورنرز اور انتظامیہ کی تقرری میں میرٹ کی بالادستی اور مفادات کے عدم ٹکراؤ جیسے پہلؤوں کو مد نظر رکھا جا رہا ہے۔

اجلاس کو رشکئی، دھابیجی، بوستان اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے علاوہ M3 انڈسٹریل زون پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایم تھری اکنامک زون میں صنعتوں کے قیام کیلئے 600 ایکڑ اراضی میسر کردی گئی ہے، اس کے علاوہ بجلی کی فراہمی کے بعد انفراسٹرکچر پر کام تیزی سے جاری ہے۔

اجلاس کو سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے صنعتوں کے قیام میں آسانی کیلئے اٹھائے گئے حکومت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے تمام اقدمات کی معینہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

Comments are closed.

Subscribe to Newsletter
close-link