پی ٹی آئی حکومت نے بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کا کام روک کر شعبے کے نقصانات میں اضافہ کردیا ، مسلم لیگ (ن) کے ر ہنما مفتاح اسماعیل کا سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو جواب
اسلام آباد: سابق وزیرخزانہ اور مسلم لیگ (ن) کےرہنما مفتاح اسماعیل نے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو ترکی بہ ترکی جواب دیا ہے۔ پیر کو جاری بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ اللہ تعالی کے کرم سے نوازشریف کی قیادت میں دنیا کے جدید اورسستے ترین پاور پلانٹ لگائے تھے اور کوئلے اورایل این جی کے سستے ایندھن سے بجلی بناکرقوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نئی لائنیں بچھانے، بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کا کام شروع کیاتھاجسے پی ٹی آئی نے بند کردیا ، اس منصوبے کا مقصد بجلی کے شعبے کی تقسیم اور ترسیل میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنا تھا، پی ٹی آئی سے برداشت نہ ہوا اور اس کی نااہل، نالائق اور کرپٹ حکومت نے یہ تمام کام روک کر بجلی کے شعبے کے نقصانات میں اضافہ کردیا ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نقصانات ان شاء اللہ ا یک بار پھر کم کرکے دکھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اپنی روایت اور کردار کے مطابق ملک میں بجلی کے زیادہ کارخانے ہونے کا جھوٹ بول رہے ہیں ۔
انہوں نے سوال کیا کہ کارخانے زیادہ ہیں تو پاکستان میں بجلی کی قلت اور اندھیرے کیوں ہیں؟پی ٹی آئی اپنے کرپٹ دور میں خود 8 ہزار میگاواٹ کے نئے پاور پلانٹس لگانے کی کیوں کوشش کررہی تھی؟کارخانے زیادہ تھے تو پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ن) کا سی پیک طرز پر کارخانے لگانے کاکام د ہرانے کی کوشش کیوں کی تھی ؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا سامنا ہے، اسی لئے پی ٹی آئی نئے کارخانے لگانا چاہتی تھی لیکن لگا نہ سکی۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی کے چئیرمین خالد منصوراس بات کابذات خود ٹی وی پر اعتراف کرچکے ہیں، آپس میں فیصلہ کرلیں کون سچا اور کون جھوٹا ہے؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پھر اندھیرے ختم کرے گی اور لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نکالے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن درآمد کرنے کی مخالفت کرنے والے بتائیں پاکستان میں کتنی گیس، ایل این جی ، تیل اورفرنس آئل نکلتا ہے؟ بوقت ضرورت دال اورچنے باہر سے منگوانے پڑتے ہیں؟ کیا قوم دال اور چنے کھانا چھوڑ دے؟ پاکستان میں پیداوار نہیں تووہ چیز باہر سے ہی منگوانا پڑے گی ؟
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں گندم اور چینی میں پاکستان خودکفیل تھا، پی ٹی آئی کی کرپشن کی وجہ سے گندم اور چینی بھی پاکستان باہر سے منگوارہا ہے ، پی ٹی آئی کوصرف جھوٹ بولنا آتا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) ان شاء اللہ وزارت توانائی چلاکر دکھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹس کے کرایوں پر اعتراض مضحکہ خیز ہے، مکان کرایہ پر لیں تو اس میں رہیں یا نہ رہیں کرایہ دینا پڑتا ہے، مفت تو عمران خان نہیں چلتا، دنیا میں کون سا مفت پلانٹ ہے؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو زندگی بھر مفت کھانے کی عادت ہے، ان کا خیال ہے کہ کوئی پلانٹ بھی مفت آکر لگا دے گا؟ پی ٹی آئی تین سال تک توشہ خانہ کی گھڑیاں بیچنے میں مصروف رہی ، پی ٹی آئی پولیس اور دیگر محکموں کے عہدوں پر تقرر اور تبادلوں پر کرپشن کرنے میں مصروف رہی ، پی ٹی آئی کو کرپشن سے فرصت ملتی تو وزارت توانائی اور ملک پر توجہ دیتے ۔
Comments are closed.