پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کامعیشت کے مختلف شعبوں اورصنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں قابل تعریف کردارہے، وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین کی پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئرمین سے ملاقات میں گفتگو

232

اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی حکومت پاکستان اور کویت کا مشترکہ منصوبہ ہے جس کا معیشت کے مختلف شعبوں اورصنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں قابل تعریف کردار ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئرمین محمد اے ایم الفاریس سے ملاقات میں کہی۔فریقین نے پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کواجاگرکرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر خزانہ نے کوویڈ 19 کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو درپیش معاشی مشکلات اوراس حوالہ سے معاشی ترقی اورنموکو یقینی بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی اورکہاکہ ان اقدامات سے ملک کے مجموعی معاشی منظرنامے میں بہتری آئی ہے۔

وزیر خزانہ نے پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کی سرمایہ کاری اور ترقیاتی بینکنگ سرگرمیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان اور کویت کا یہ مشترکہ منصوبہ معیشت کے مختلف شعبوں میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں قابل تعریف کردار ادا کر رہا ہے۔ پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے چئیرمین نے اس موقع پرکہا کہ کویت پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

ملاقات میں فریقین نے سرمایہ کاری، تجارت اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے سے اتفاق کیا۔وزیر خزانہ نے چیئرمین پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کی خیرسگالی اور تعاون پر ان کاشکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان اورکویت کے درمیان تعلقات مزیدفروغ پائیں گے۔

Comments are closed.

Subscribe to Newsletter
close-link