پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر کا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں عشائیہ

98

اسلام آباد: پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارا نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں یورپی ممالک کے سفراء کی کثیر تعداد نے عشائیے میں شرکت کی۔یورپی یونین کی سفیر محترمہ اینڈرولا کامینارا نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی سفیرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری معاہدے سے دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعلقات وسعت پذیر ہوئے ہیں۔

جی ایس پی پلس اسٹیس سے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات میں نمایاں اضافہ ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کی برآمدات کے حجم میں اضافہ ہمارے دو طرفہ تعاون کے فروغ کا عملی مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اقتصادی اور انسانی المیے کے تدارک اور افغانوں کو انسانی معاونت کی فراہمی کیلئے یورپی یونین کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

عشائیہ میں موجود، یورپی ممالک کے سفراء نے افغانستان سے سفارتی عملے اور شہریوں کے محفوظ انخلاء میں پاکستان کی بھرپور معاونت کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

Comments are closed.

Subscribe to Newsletter
close-link