اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے منگل کو ملاقات کی ۔ اس موقع پر سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویزن (پی اے ایس ایس ڈی)محمد علی شہزادہ بھی موجود تھے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہم چین میں غربت کے خاتمے کے اہم کارنامہ پر چینی حکومت اور قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ، یہ انسانی تاریخ کی ایک عظیم مثال ہے کہ 770ملین افراد کو 40سال کے عرصے کے دوران غربت سے باہر نکالا کیا گیاہے ۔
ملاقات کے دوران چینی سفیر اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے عوامی جمہوریہ چین اور پاکستان کی تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویزن کی جانب سے تیار کردہ مفاہمتی یادداشت کے مسودے پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد غربت کے خاتمے کے حوالے سے مشترکہ تعاون کیلئے ایک پلیٹ فارم قائم کرنا ہے ۔ملاقات کے بعد پریس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہم مفاہمت نامہ کی حتمی تفصیلات پر کام کررہے ہیں ، یہ فریم ورک دونوں ممالک کو غربت کے خاتمے میں تجربات کے اشتراک سے مستفید ہونے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا ۔
اس اشتراک کے نتیجے میں ایک جانب پاکستان چین کے غربت کے خاتمے کے تجربات سے فائدہ اٹھاسکے گا اور دوسری جانب غربت سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے کثیر الشعبہ جاتی احساس پروگرام سے حاصل ہونے والے تجربات کو شیئر کرنے کے بھی قابل ہوگا ۔ڈاکٹر ثانیہ نے نونگ رونگ کو پاکستان میں چین کے سفیر کی حیثیت سے تقرری پر مبارکبادی ۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے غربت کے خاتمے کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف ہماری لازوال دوستی کا عملی مظاہر ہ ہے بلکہ یہ سماجی و معاشی ترقی کی ایک مثال ہے جو لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور انہیں غربت سے باہر نکالنے میں معاون ثابت ہوگی ۔مزید برآں ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے چین اور پاکستان کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات کومبارکباد پیش کی ۔
انہوں نے مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کو خوش آئند اقدام قرار دیا ۔ سی پیک کی اہمیت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ہونے والی سماجی و معاشی ترقی پاکستان میں غربت کے خاتمے میں مددگارثابت ہوگی ۔
Comments are closed.