وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹرو بس سروس منصوبے میں پانچ سال کی تاخیر کی تحقیقات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا حکم دیا ہے، مریم اورنگزیب

107

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹرو بس سروس منصوبے میں پانچ سال کی تاخیر کی تحقیقات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سابق حکمران پونے چار سال کی نالائقی اور نااہلی چھپانے کے لئے غیر ملکی سازش کے جھوٹ کی رٹ لگائے ہوئے ہیں ،ان کی پاس دکھانے اور بتانے کو اور کچھ نہیں ،جمعرات کو ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف 7بجے اسلام آباد میٹرو بس سروس پر جاری کام کا جائزہ لینے پشاور موڑ میٹرو بس کی سائٹ پر پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں2017 میں شروع ہوا تھا جسے 2018 میں مکمل ہونا تھا اس میں 5 سال کی تاخیر ہوئی اور منصوبے پر کام مکمل نہیں ہوا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منصوبے میں تاخیر پر تحقیقات کرانے کا حکم دے دیا ہے اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعظم نے رمضان المبارک میں میٹرو سروس شہریوں کے لئے مفت چلانے کا حکم دیا ہے،رمضان کے مقدس مہینے میں شہری مفت سفری سہولت حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے اسلام آباد میٹرو کو تین راستوں سے موٹر وے سے جوڑنے کی فوری فزیبلٹی کی تیاری کا حکم بھی دیا ہے اور بارہ کہو، پشاور موڑ اور روات کے روٹس پر میٹرو چلانے کے لئے فوری فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعظم نے اسلام آباد اور گردونواح کے شہریوں کو بہترین اور معیاری سفری سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سابق حکمران اپنی پونے چار سال کی نالائقی اورنااہلی چھپانے کے لئے غیر ملکی سازش کے جھوٹ کی رٹ لگائے ہوئے ہیں،نااہلی، نالائقی، سنگ دلی اورکرپشن سابق حکمرانوں سے غیرملکی سازش کا جھوٹ بلوا رہی ہے کیونکہ ان کے پاس دکھانے اور بتانے کو اور کچھ نہیں۔

Comments are closed.

Subscribe to Newsletter
close-link