وزیراعظم عمران خان کی پیشگوئی حرف بحرف سچ ثابت ہوئی ہے کہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے سب چور اکٹھے ہو جائیں گے، عدم اعتماد کی تحریک “باسی کڑی میں ابال” کے مترادف ہے، معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان

121

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور اور ریجنل صدر پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی یہ پیشگوئی حرف بحرف سچ ثابت ہوئی ہے کہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے سب چور اکٹھے ہو جائیں گے، اسلام آباد کی عوام نے پیپلز پارٹی کا شو مسترد کر دیا اور ثابت کیا کہ اسلام آباد کل بھی پی ٹی آئی کا گڑھ تھا آج بھی پی ٹی آئی کا گڑھ ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرانے پر تبصرہ کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک “باسی کڑی میں ابال” کے مترادف ہے کیونکہ ہم مشکل وقت سے نکل آئے ہیں اور ملک الحمدللہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ کی طرح سرخرو ہوں گے، عمران خان نے اپنی 24 سالہ جدوجہد کے دوران بہت سے اتار چڑھاؤ کا سامنا کیا ہے اور اللہ تعالیٰ نے انہیں ہمیشہ کامیابی سے سرفراز کیا ہے.

انہوں نے کہا کہ موروثی اور روایتی سیاست کے علمبردار جتنے مرضی جتن کر لیں لیکن اب ان کا وقت ختم ہو گیا ہے اور پاکستان کا اچھا وقت شروع ہو چکا ہے۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ کل تک ایک دوسرے کو چور ڈاکو کے القابات سے نوازنے والے آج صرف اس لیے ایک ہوئے ہیں تاکہ اپنی لوٹی دولت بچا سکیں لیکن وہ یاد رکھیں کہ عمران خان اپنی مخالفت تو برداشت کر سکتا ہے لیکن قوم کی لوٹی ہوئی دولت نہیں چھوڑ سکتا وہ انشاءاللہ ان سے نکلوا کر رہے گا چاہے نواز شہباز کے چپڑاسیوں کے اکاؤنٹس میں ڈالی گئی رقم ہو یا اومنی گروپ کے ذریعے لگائی گئی زرداری خاندان کی دیہاڑیاں ہم ہر جگہ ان کا پیچھا کریں گے اور قوم کا پیسہ قوم کی بہتری کے لئے استعمال ہوگا انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن گزشتہ 3 سال سے نواز زرداری خاندانوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رہا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد کی عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا شو فلاپ کرکے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ اسلام آباد پہلے بھی پی ٹی آئی کا تھا آج بھی پی ٹی آئی کا ہے۔

Comments are closed.

Subscribe to Newsletter
close-link