وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے ذیلی اداروں کے پروفیشنلز اور غیرپروفیشنلز عملہ کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے جدید خطوط پر تربیت بہت اہمیت رکھتی ہے، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد

211

اسلام آباد: وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے ذیلی اداروں کے پروفیشنلز اور غیرپروفیشنلز عملہ کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے جدید خطوط پر تربیت بہت اہمیت رکھتی ہے، انفارمیشن سروسز اکیڈمی کا اس حوالے سے کلیدی کردار قابل ستائش ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں پیر کو انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں تیسرے ایکس کیڈر ٹریننگ کورس کے فارغ التحصیل افسران میں اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہا کہ تربیتی کورسز کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے اور اس میں وزارت اور اس کے ذیلی اداروں کے مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والے افسران اور عملہ کی تربیت کیلئے مزید تربیتی کورسز تشکیل دیئے جائیں گے تاکہ انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید آلات سے روشناس کرایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے کیڈر میں ترقی کیلئے ایسے جامع تربیتی کورس لازمی ہونے چاہئیں تاکہ جدید طرز کی تربیت سے لیس عملہ محکمہ کو بہتر طور پر خدمات فراہم کرسکے۔

سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے تربیتی کورس کے خدوخال کو تسلی بخش قرارد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تربیتی کورس تربیت حاصل کرنے والوں کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ہوگا۔

قبل ازیں ایکس کیڈر کورس کی ڈائریکٹر ٹریننگ غزالہ امبرین نے تربیتی کورس کے مندرجات کا حوالہ دیتے ہوئے شرکاء کو پریذینٹیشن دی اور بتایا کہ وزارت کے ذیلی شعبوں کے مختلف ایکس کیڈر کے 10 ارکان کو تربیت فراہم کی گئی ہے جبکہ 17 افراد نے شرکت کرنا تھی۔

انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کی صنعت کے مختلف ٹولز اور انڈسٹری کے جدید آلات کو بروئے کار لانے سمیت میڈیا مینجمنٹ کے مختلف شعبوں کی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے جامع تربیتی پروگرام کے مختلف پہلوئوں پربھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم سول سروس ٹریننگ پروگرام کے تحت ان تربیتی کورسز کا باقاعدگی سے اہتمام کیا جارہا ہے۔ اختتام پر ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروسز اکیڈمی سعید جاوید نے تربیت مکمل کرنے والے ارکان اور فیکلٹی اراکین کو کورس کی تکمیل پر مبارکباد دی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ تین ماہ پر مشتمل یہ تربیتی کورس عملہ کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ممدومعاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے سی ایس ایس کے بعد انفارمیشن گروپ میں شامل افسران کے تربیتی کورس کا بھی حوالہ دیا جو انفارمیش سروسز اکیڈمی میں جاری ہے۔ انہوں نے اس آٹھ ماہ پر مشتمل کورس کے شرکاء کو سیکرٹری اطلاعات سے متعارف کرایا۔

Comments are closed.

Subscribe to Newsletter
close-link