ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہونی چاہیے ، غنڈہ گردی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، خواجہ محمد آصف کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماخواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہونی چاہیے اور غنڈہ گردی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ہفتہ کو قومی اسمبلی میں خو اجہ آصف نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر پر مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف کے ارکان نے تشدد کیا ہے جو قابل مذمت ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے عمل کو سبوتاژ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے تقدس کو جس طرح پامال کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، یہ روایات ہمیں ختم کرنا ہوں گی۔ گزشتہ چار سالوں سے جاری تشدد کے رجحان کو روکنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہونی چاہیے، اس طرح کی غنڈہ گردی کی اجازت نہ دی جائے، یہ ہمارے لئے باعث شرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوست محمد مزاری قومی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں، ان پر بہیمانہ تشدد کیا گیا اس طرح کے بدترین ہتھکنڈے کی ایوان کو مذمت کرنی چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر نے خلاف آئین کرسی پر چمٹنے کی کوشش کی اور رولز اور آئین کی دھجیاں بکھیری گئیں۔ جس انداز میں اس ایوان کو چلایا گیا وہ افسوسناک تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بھی تمام ٹرانزیشن آئین اور قانون کے مطابق ہون ی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی نے غنڈے بھرتی کئے ہوئے ہیں۔ ان حالات میں پنجاب اسمبلی کی کارروائی آئین اور قانون کے مطابق نہیں چل رہی پنجاب اسمبلی میں جو ہو رہا غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔
Comments are closed.