ملک بہت مشکل وقت سے نکل رہا ہے، بلوچستان کو 700 ارب روپے کا پیکیج دیا، زیارت سیاحت کا مرکز بن سکتا ہے، وزیراعظم عمران خان کا قائداعظم ریذیڈنسی زیارت میں تقریب سے خطاب
زیارت۔ :وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو خوشخبری دیتے ہیں کہ ملک بہت مشکل وقت سے نکل رہا ہے، ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان کو نظر انداز کیا، ہم نے اتحادی حکومت ہونے کے باوجود بلوچستان کو نمایاں فنڈز دیئے، 700 ارب روپے کا پیکیج دیا جبکہ اب سڑکوں کا پیکیج دے رہے ہیں، زیارت میں ایل این جی پلانٹ کیلئے آئندہ مالی سال میں بھرپور کوشش کریں گے، زیارت سیاحت کا مرکز بن سکتا ہے، خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت نے سیاحت کو فروغ دیا جس سے روزگار اور کاروبار بڑھے۔
وہ منگل کو قائداعظم ریذیڈنسی زیارت میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کو خوش آمدید کہا۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی طرف سے اپنے لئے ادا کئے گئے اچھے کلمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 20 سال پہلے زیارت آنے کا اتفاق ہوا تھا تاہم آج اس کا فضائی جائزہ لیا، صنوبر کے پرانے درختوں کو دیکھا جن کے بارے میں ہم پڑھتے تھے،قائداعظم نے اپنی زندگی کے آخری ایام جہاں گزارے اس تاریخی جگہ کو دیکھنے آیا ہوں۔
Comments are closed.