قبائلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر امن قائم ہو چکا ہے، اب قبائلی علاقوں کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا شمالی اور جنوبی وزیرستان کے دورہ کے موقع پر خطاب

51

راولپنڈی۔:پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر امن قائم ہو چکا ہے، اب قبائلی علاقوں کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مقامی آبادی کے تعاون سے مکمل امن بحال کیا جائے، دشمن ایجنسیوں کے ناپاک ارادوں سے باخبر اور پرعزم رہنا ہوگا۔ وہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے دورہ کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی اور شمالی وزیرستان کا اہم دورہ کیا۔پاک فوج کے سربراہ نے جنوبی وزیرستان کے علاقوں آسمان منزہ اور میر علی میں مکمل دن گزارا۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔اس دورے کے موقع پر آرمی چیف کو بارڈر مینجمنٹ، علاقے کے استحکام کے لیے جاری آپریشنز، علاقے کی ترقی سمیت سرحدی راہداریاں کھولنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے علاقے میں سول انتظامیہ کی رٹ کے قیام کے لیے افسروں اور جوانوں کے تعاون کو بھی سراہا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج خطے میں امن واستحکام کیلئے پرعزم ہے۔ پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتیں بڑھانے کیلئے کردار ادا کر رہی ہے۔ آرمی چیف نے میر علی کے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قبائلی عوام کی قربانیوں کو سراہا۔

Comments are closed.

Subscribe to Newsletter
close-link