عوام کورونا وائرس کے پیش نظر عید کی چھٹیوں پر تفریحی مقامات پر نہ جائیں،اسد عمر

35

اسلام آباد۔ وفاقی وزیر ترقی، اصلاحات و منصوبہ بندی اسد عمر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر عید کی چھٹیوں پر تفریحی مقامات پر نہ جائیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچنے کے لیے ویکسینیشن ضروری ہے، گزشتہ 4 روز سے ایک روز میں ویکسینیشن کی تعداد 5 لاکھ سے زیادہ رہی ہے۔

حکومت نے وافر مقدار میں ویکسین کا بندو بست کرلیا ہے اور عوام سے اپیل ہے کہ ویکسین ضرور لگوائیں۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے 12 کروڑ افراد پاکستان میں 18 سال سے زائد عمر کے ہیں جن میں سے 3 فروری سے یکم جولائی تک 88 لاکھ افراد نے ویکسین کا ایک ڈوز لگوایا جن میں سے 9 ہزار 917 کیسز سامنے آئے ہیں، اس کے علاوہ 43 لاکھ افراد نے مکمل ویکسین لگوائی جن میں سے 5 ہزار 643 کیسز سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ فرق صرف یہ ہے ویکسین نہ لگوانے والے ہر 333 پاکستانیوں میں سے ایک کو کورونا ہوا،

اگر کسی نے ایک بھی ویکسین کی ڈوز لگائی ہوئی تھی تو 1250 میں سے ایک کو کورونا ہوا اور دونوں ڈوز لگوانے والوں میں سے 2500 میں سے ایک کورونا وائرس کا شکار ہوا۔ ویکسین کا ایک ڈوز لگانے سے بھی حفاظت کا عمل شروع ہوجاتا ہے، ویکسین نہ لگوانے والوں کو ایک ڈوز لگانے والے کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ خطرہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ کسی عالمی سطح کے نہیں بلکہ پاکستان کے ہی اعداد و شمار ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جنہیں ویکسین لگوانے کے بعد کورونا ہو بھی جائے تو ان میں سنگین علامات سامنے نہیں اورآتیں اور خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

Comments are closed.

Subscribe to Newsletter
close-link