سابق دور میں چوروں اور لٹیروں نے توشہ خانہ کے تحائف 18 کروڑ روپے میں فروخت کئے گئے، چار سال ملک پر مسلط ٹولہ عوام کو بے وقوف بنانے کی مسلسل کوشش کرتا رہا، مریم اورنگزیب
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق دور میں چوروں اور لٹیروں نے توشہ خانہ کے تحائف 18 کروڑ روپے میں فروخت کئے گئے، چار سال ملک پر مسلط ٹولہ عوام کو بے وقوف بنانے کی مسلسل کوشش کرتا رہا، مسلسل جھوٹ بولتا رہا، عمران خان آٹا، چینی، بی آر ٹی اور فارن فنڈنگ کا چور ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحریک عدم اعتماد اور ووٹ کی طاقت سے اس ٹولے کو پارلیمان سے اٹھا کر باہر پھینکا گیا، وزیراعظم شہباز شریف انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، آج وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھا ہوا شخص ملک کا معمار ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار سال ملک پر مسلط کارٹلز اور مافیا کا ٹولہ پاکستان کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتا رہا، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کے عوام ان کی اصلیت جانتی ہے، پونے چار سال انہوں نے جھوٹ کے سوا کچھ نہیں بولا، انہوں نے اتنا جھوٹ بولا کہ ان کے مطابق وہ سچ لگنا لگے۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ کبھی نہیں چھپتا اور نہ ہی کبھی سچ لگتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ فواد چوہدری جھوٹ بولے بغیر رہ نہیں سکتے، عمران خان کے کرائے کے ترجمانوں کو جھوٹ بولنے کی عادت ہے، شہباز شریف کو اللہ نے عزت دی ہے، آج وہ منتخب وزیراعظم ہیں، شہباز شریف کو دو مرتبہ گرفتار کیا گیا، 22 مہینے حمزہ شہباز گرفتار رہے، نیب اور ایف آئی اے کا گزشتہ چار سال سے سارا ریکارڈ ان لوگوں کے پاس موجود ہے جنہوں نے اداروں کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا۔
انہوں نے جھوٹے ریفرنسز عدالتوں میں پہنچائے، لاہور ہائی کورٹ، سپریم کورٹ، نیشنل کرائم ایجنسی یا برطانیہ کی عدالت میں بھی اس ریکارڈ سے کوئی کرپشن یا منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی ریکارڈ ہے جو کبھی ایف آئی اے کے اندر ڈھونڈا جاتا تھا، کبھی ڈیوڈ روز کو بلا کر دکھا جاتا تھا، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے بھی اس ریکارڈ کو کھنگالا، ان کے فرنٹ مین شہزاد اکبر اکثر کاغذ لہرا کر دکھاتے رہے، دو سال تک اسی ریکارڈ پر تفتیش ہوتی رہی، اسی ریکارڈ پر عدالتوں میں جھوٹے ریفرنس ڈالے گئے لیکن اللہ کے فضل و کرم سے عدالتوں نے شہباز شریف کو سرخرو کیا۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری صاحب جھوٹ بولتے ہوئے شرم کریں، کم از کم یہ تو سوچ لیا کریں کہ وہ کیا بول رہے ہیں، فواد چوہدری جن دو افسران کی تبدیلی کا ذکر کر رہے ہیں ان میں سے ایک ڈاکٹر رضوان ان کے دور حکومت میں ہی چھٹی پر چلے گئے تھے، جس ریکارڈ کی وہ بات کر رہے ہیں اس ریکارڈ کے مطابق نہ کرپشن ہوئی، نہ منی لانڈرنگ ہوئی اور نہ کک بیکس ہوئی، یہ عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں، جو ریکارڈ ہمارے حق میں ہوگا ہم اسے تبدیل کریں گے نہ چوری کریں گے وہ ان کے منہ پر تمانچا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرائے کے ترجمان، امپورٹڈ وزراء اور امپورٹڈ مشیر عوام کو لوٹنے کے بعد آج عدالتوں میں درخواستیں دے رہے ہیں کہ ہمیں واپس جانے کی اجازت دی جائے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک 1947ء میں آزاد ہو گیا تھا لیکن ملک کے آئین پر شب خون مارا جاتا رہا، ملکی تاریخ گواہ ہے، آئین شکنی کی سب سے بدترین مثال عمران خان ہیں، جو ملک پر قابض تھے، کارٹلز اور مافیا ملک پر مسلط تھا جس نے پارلیمان اور میڈیا کو قید کر رکھا تھا، آج الحمد اللہ پارلیمان اور میڈیا آزاد اور خودمختار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحریک عدم اعتماد اور ووٹ کی طاقت سے ایک نااہل اور کرپٹ ٹولے کو عوام نے پارلیمان سے اٹھا کر باہر پھینک دیا ہے، چار سال کی قید کاٹنے کے بعد آج ملک آزاد ہو گیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابقہ دور میں توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف بھی فروخت کئے گئے، پاکستان کے عوام کو توشہ خانہ کا پورا ریکارڈ دیا جائے گا، ان لٹیروں نے توشہ خانہ کے تحائف 18 کروڑ میں فروخت کئے۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ میں ایک گولڈ پلیٹڈ کلاشنکوف موجود نہیں، یہ بنی گالا سے بازیاب کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملزم اگر کوئی ہے تو وہ عمران خان ہیں، عمران خان نے آٹا، چینی بھی چوری کیا۔ انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری نے توشہ خانہ کے تحائف فروخت کرنے کی خود تصدیق کی، خالی گھڑی پر نہیں انہیں بڑی بڑی چیزوں پر جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف انتقامی سیاست پر یقین نیں رکھتے۔ آج وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھا ہوا شخص ملک کا معمار ہے جبکہ عمران خان نے ذاتی مفاد کے لئے ملکی مفاد کو دائو پر لگایا۔
Comments are closed.