حکومت ہیلتھ کارڈ کے ذریعے پنجاب کے تمام خاندانوں کو 400ارب سے زیادہ کی ہیلتھ انشورنس فراہم کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کا فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں اظہار خیال

168

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ہیلتھ کارڈ کے ذریعے پنجاب کے تمام خاندانوں کو 400ارب سے زیادہ کی ہیلتھ انشورنس فراہم کر رہی ہے، حکومت کی پالیسیوں کی بدولت فیصل آباد کی صنعت کا پہیہ دوبارہ سے چلنے لگا ہے، فیصل آباد میں سپیشل اکنامک زون کے قیام سے بیرونی سرمایہ کاری بڑھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو فیصل آباد ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریا ت چوہدری فواد حسین، وزیرِ مملکت فرخ حبیب، معاونینِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، سید طارق الحسن، وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور متعلقہ اعلی افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں فیصل آباد ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں، متعلقہ حلقوں کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پورے فیصل آباد ڈویژن میں رابطہ سڑکوں و اہم شاہراہوں کی تعمیر جاری ہے جن کے ذریعے اضلاع کے آپس میں رابطے اور موٹرویز سے رابطے بہتر کئے جا رہے ہیں، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں یونیورسٹیاں، پارو پلانٹ اور دسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔

اجلاس میں فیصل آباد کیلئے مجوزہ پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبوں، آئی ٹی یونیورسٹی، شہر کی خوبصورتی کو بڑھانے کیلئے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِاعظم عمران خان نے جاری ترقیاتی منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل کی ہدایت دی۔

Comments are closed.

Subscribe to Newsletter
close-link