جامعات تکنیکی خلا پر کرنے اور تیز رفتار ترقی کیلئے اسکل ڈویلپمنٹ اور آئی ٹی کی تعلیم پر توجہ دیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی پر بریفنگ

97

اسلام آباد۔: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو آن لائن فاصلاتی تعلیمی پالیسی کے جلد نفاذ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ کے سستی تعلیم سے استفادے کیلئے جامعات ورچوئل تعلیمی جزو کو بڑھائیں، تکنیکی خلا پر کرنے اور تیز رفتار ترقی کیلئے اسکل ڈویلپمنٹ اور آئی ٹی تعلیم پر توجہ دیں۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) پر بریفنگ کے دوران کہا کہ غیر ملکی جامعات اور تربیتی اداروں کے ساتھ تعاون سے افرادی قوت کی پیشہ وارانہ ترقی میں مدد ملے گی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ہدایت کی کہ یونیورسٹیاں اسکل ڈویلپمنٹ اور آئی ٹی پر توجہ دیں تاکہ تکنیکی خلا کو دور اور ملک کو ترقی کی تیز رفتار راہ پر گامزن کیا جاسکے۔

اجلاس میں نیوٹیک کے فیکلٹی ممبران، ایچ ای سی کے نمائندوں اور حکومت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ملک کے نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی تکنیکی تعلیم اور ہنر فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔

ریکٹر نیوٹیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد اصغر نے انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں تعلیمی پروگراموں پر بریفنگ دی۔ صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیوٹیک نے مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، انجینئرنگ اور آئی ٹی کے دیگر شعبوں میں پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اجلاس کو مستقبل کے منصوبوں اور آن لائن ایجوکیشن سپورٹ سسٹم کی تیاری بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

Comments are closed.

Subscribe to Newsletter
close-link