اپوزیشن کے بغیر یہ ایوان نامکمل ہے ، وزیر اعظم معاشی اصلاحات کا کوئی نہ کوئی منصوبہ آئندہ چند دنوں میں ضرور سامنے لائیں ، ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال
اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ 4 سالہ سیاہ دور ختم ہوا ہے، اس کی تباہ کاریوں سے معیشت کا جو نقصان ہوا ہے اس کی بحالی کے لئے ہمیں مشکل فیصلے کرنے ہونگے ، وزیر اعظم معاشی اصلاحات کا کوئی نہ کوئی منصوبہ آئندہ چند دنوں میں ضرور سامنے لائیں ، ہمیں مل کر سیاسی اقدار کو بحال کرنا ہوگا، اپوزیشن کے بغیر یہ ایوان نامکمل ہے۔
پیر کو قومی اسمبلی میں صدارتی خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے راجہ پرویز اشرف کو سپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2012 ء میں ایک منتخب وزیر اعظم کو عدالت کے ذریعے گھر بھجوایا گیا اور آپ پر پارٹی نے بطور وزیر اعظم اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ایک مرتبہ پھر ایک نیا سورج طلوع ہوا ہے، ایک طوفانی رات کے خاتمے کے بعد ہر طرف تباہی اور بربادی کے مناظر ہیں۔
ساڑھے تین سالوں میں ملک کا پارلیمانی نظام متاثر ہوا اور اس ایوان کو صدارتی آرڈیننسوں کی منظوری کے لئے ربڑ سٹیمپ کے طور پر استعمال کیا گیا۔3 اپریل کو ڈپٹی سپیکر نے جو غیر آئینی اقدام اٹھایا ہم اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔ پارلیمانی جمہوریت ان کا پہلا شکار تھی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نظام کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ پنجاب اسمبلی کی صورتحال سب کے سامنے ہے ۔ ہمیں مل کر سیاسی اقدار کو بحال کرنا ہوگا۔ اپوزیشن کے بغیر یہ ایوان نامکمل ہے ۔
اس ایوان کے باہر سیاسی تنائو کی کیفیت ہے ہمیں اس صورتحال کا ادراک کرنا چاہیے۔ اس کے خاتمے کے لئے مکالمہ کا آغاز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی معیشت کو بحال کرنے کئے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے جس کے لئے ہمیں تیار ہونا چاہیے۔ وزیر اعظم معاشی اصلاحات کا کوئی نہ کوئی منصوبہ آئندہ چند دنوں میں ضرور سامنے لائیں ۔
آئندہ اجلاس میں چارٹر آف اکانومی یا معیشت کے حوالے سے معاملات زیر غور لائے جائیں تاکہ آئندہ بجٹ پر اتفاق رائے ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خارجہ پالیسی اور سکیورٹی ایشوز کے حوالے سے ایوان سے رہنمائی لی جائے۔16 ہزار برطرف ملازمین کی ابھی تک مکمل بحالی نہیں ہو سکی اس صورتحال کا نوٹس لیا جائے ۔
Comments are closed.