احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبریں جھوٹی ہیں،صحت کارڈ بھی چلتا رہے گا، اسے مزید بہتر بنائیں گے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا بیان

106

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں پہلے خطاب میں واضح کیا تھا کہ عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اسے مزید توسیع دی جائے گی ، وزیراعظم شہباز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بچوں اور بچیوں کی تعلیم کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے،

کوئی پروگرام بند نہیں ہوا، عوام کی بھلائی کے ہر منصوبے کو مزید بہتر بنائیں گے ان شااللہ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا شروع کردہ صحت کارڈ اسی طرح چلتا رہے گا، اسے مزید بہتر بنائیں گے، یہ جھوٹ وہ پھیلا رہے ہیں جنہیں وزیراعظم کی کرسی اور کنٹینر پر جھوٹ بولنے کی عادت ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا سے بھی گزارش ہے کہ وہ ایسی بے بنیاد اطلاعات کو جگہ دینے سے اجتناب کرے، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ آج ملک میں ایک منتخب وزیراعظم ہے جو عوام کا دکھ درد اور احساس رکھتا ہے،

آج ملک میں ایسا منتخب وزیراعظم ہے جو عوام کیلئے فراخ دلی اوران کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے، آج ملک میں ایسا منتخب وزیراعظم ہے جو عوامی اور قومی سلامتی کے ایشوز کو اپنی سیاست کیلئے استعمال نہیں کرتا۔

Comments are closed.

Subscribe to Newsletter
close-link